یلاپور:13؍فروری (ایس اؤ نیوز) میں نے جب ٹرانسپورٹ وزارت کا حلف لیاتو ادارہ 4ہزار کروڑ روپیوں کے خسارے میں تھا۔ پھر اس کے بعد جب کورونا کا دور چلا تو 4مہینے بس ٹرانسپورٹیشن مکمل بند تھا۔ اس کے باوجود وزیرا علیٰ کا تعاون لیتے ہوئے سبھی ملازمین کو حکومت کی طرف سے تنخواہیں ادا کئے جانےکاریاستی نائب وزیرا علیٰ و وزیر ٹرانسپورٹ لکشمن سودی نے خیال ظاہر کیا۔
وہ یہاں محکمہ آب پاشی کے ذریعے 24کروڑ روپیوں کی لاگت سے تعمیر کئے گئے بیڈتی برج اور 7کروڑ ر وپیوں کی لاگت سے تعمیر کئے گئے یلاپورہائی ٹیک بس اسٹانڈ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مقامی رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر شیورام ہیبار کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں بی جےپی کی قیادت والی سرکار بننے میں شیورام ہیبار کا بہت بڑا رول ہے، میں نائب وزیراعلیٰ اور وزیر ٹرانسپورٹ بننے میں بھی ان کے ساتھیوں کا تعاون بہت اہمیت رکھتاہے۔ ایسے شیورام ہیبار ضلع نگراں کار وزیر کےطورپر ضلع کی ترقی کےلئے بہت ہی سرگرم رہتے ہوئے بے شمار کام انجام دینے کی بات کہی۔
وزیر سودی نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے جو محکمہ سب سے زیادہ متاثر ہواہے وہ ہے محکمہ ٹرانسپورٹ۔ 4مہینے تک بسوں کی آمد ورفت بند تھی ، جس کے چلتے ملازمین کی تنخواہیں نہیں ہونے سے انہیں کافی پریشانی ہوئی۔ اس سلسلےمیں وزیر اعلیٰ سے درخواست کی گئی تووزیر اعلیٰ نے فوری طورپر 650کروڑ روپئے منظور کئے۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہورہاہے لیکن مسافروں کی تعدا د میں کوئی بڑھوتری نہیں ہورہی ہے،ہمارے ملازمین کے 10مطالبات میں سے 9کو ہم نے منظوری دی ہے۔ ہمارے ملازمین کا احتجاج کرنا کوئی غلط نہیں ہے البتہ دوسروں کی باتیں سن کر سرکاری بسوں پر پتھراؤ کرنے سے ہمیں دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرائیویٹ بسوں کے بجائے سرکاری بسوں میں سفر کریں، جس کے ذریعے ہم اپنے خسارے کو دور کرسکتےہیں۔ میں نے آج جس خوبصورت ومضبوط بیڈتی برج کا افتتاح کیاہے وہ 24کروڑروپیوں کی لاگت سے تعمیر کیا گیاہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ سرکاری منصوبہ جات اور ترقیاتی کاموں کو نجی جذبات کی نظر سے دیکھیں اور اس کی حفاظت کرنےکی اپیل کی۔
اترکنڑا ضلع نگراں کاروزیر شیورام ہیبار نے پروگرام کی صدارت کرتےہوئےکہاکہ گرچہ اترکنڑا ضلع وسعت رکھتاہے لیکن یہاں کی آبادی بہت کم ہے۔ اسی لئےجتنے بھی ترقی جات کام کئے جاتے ہیں وہ عوام تک نہیں پہنچتے۔ گزشتہ سال ہوئی بارش سے سرسی ۔یلاپور برج کو لےکر کافی خطرہ جتایاگیا تھا خود ہم نے اس برج سے گزرتے ہوئے مسافروں اورعوام کو اعتماد دلایا ہے۔ صرف تکنیکی باتوں کا بہانہ بنا کر بیٹھے رہیں توکوئی کام نہیں ہوگا۔ بعض ٹھیکدار اپنا کام ایک برس میں پورا کرنے کے بجائے 10 برسوں میں مکمل کرتےہیں جو کہ صحیح نہیں ہے۔ جب کہ یلاپور کا بس اسٹانڈ اپنی متعینہ مدت میں ٹھیکدار روی نائک نے پوراکیا جس پر ان کی ستائش ہونی چاہئے۔ عوام صرف اپنے بچوں کو بسوں کو بھیجتے ہیں خود کسی ٹمپو یا پرائیویٹ سواریوں میں سفر کرتےہیں،یلاپور سے بنگلورو کے لئے روزانہ 15پرائیویٹ بس چلتی ہیں۔ مگر ایک بھی ہائی ٹیک سرکاری بس بنگلورو کے لئے چلانے میں ہم کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔ اسی لئے عوام سے اپیل کرتاہوں کہ وہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی مشکلات کو اپنی سمجھیں اور سرکاری بسوں میں ہی سفرکریں تو محکمہ منافع کی طرف گامز ن ہوگا۔
ٹرانسپورٹ بورڈ کے صدر وی ایس پاٹل نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ کئی ایسے کام ہیں جن کو کرنا ابھی باقی ہے ہم سب مل کر ضلع کی ترقی کے لئے کام کرنے کی بات کہی۔ رکن کونسل شانتارام سدی ، پرمود ہیگڈے ، تعلقہ پنچایت صدر چندرکلا بھٹ، ضلع پنچایت ممبر روپا بورمنے ، سجاتا سدی ، سنند ا داس، شیاملی پاٹنکرسمیت کئی افسران موجود تھے۔ پروگرام میں بیڈتی برج کی تعمیر کرنے والے ٹھیکدار بی ایس گاؤنکر، دھارواڑ بس اسٹانڈ کی تعمیر کرنے والے ٹھیکدار روی شنکر، روہی داس نائک، گنپتی پٹگار کی وزراء کی طرف سے تہنیت کی گئی ۔